بھٹکل 27 مارچ (ایس او نیوز) نوائط کالونی نیشنل ہائی وے 66 پر سنیچر صبح پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک بچی سمیت دو لوگ شدید زخمی ہوگئے، دونوں کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد کنداپور روانہ کیا گیا ہے۔ حادثہ صبح قریب نو بجے اُس وقت پیش آیا جب ایک آٹو رکشہ مخالف سمت سے آنے والی ایک بائک سے ٹکرا گیا۔
دو بچوں سمیت بھائی اور بہن ایک بائک پر سوار ہوکر مرڈیشور سے بھٹکل آرہے تھے کہ بھٹکل سے شرالی کی طرف جانے والے آٹو رکشہ سے بائک کی ٹکر ہوگئی۔ ٹکر لگنے پر کچھ دیر کے لئے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک نظام میں خلل پڑا، مگر مقامی لوگوں نے فوری زخمیوں کو اُسی آٹو رکشہ پر سوار کراتے ہوئے سرکاری اسپتال پہنچایا۔
زخمیوں کی شناخت مرڈیشور کے رہنے والے لوکیش ماستپا نائک (36) اور ان کی بہن کی پانچ سالہ لڑکی مانیا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ دونوں کے پیروں کو شدید چوٹ لگی ہے، البتہ بائک پر سوار ایک چھ سالہ لڑکا اور لوکیش کی بہن کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
نوائط کالونی میں نیشنل ہائی وے کا توسیعی کام جاری ہے، جس کی وجہ سے یہاں سڑک بند کردی گئی ہے اور تمام ٹریفک کو سنگل سڑ ک پر موڑ دیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ سنگل روڈ پر سواری کرنے کے دوران اکثر لوگ دھوکہ کھاجاتے ہیں کہ سامنے سے دوسری سواری نہیں آئے گی، اسی چکر میں یہاں حادثات رونما ہورہے ہیں۔ آج کا حادثہ بھی اسی وجہ سے پیش آیا ہے۔
لوکیش چونکہ ہیلمیٹ پہن کر تھا، اس وجہ سے اس کے سر کو چوٹ نہیں لگی ہے، البتہ سمجھا جارہا ہے کہ اس کا سر آٹو رکشہ کے گلاس سے ٹکرا گیا تھا جس کی وجہ سے آٹو کی اگلی گلاس اسکرین کو نقصان پہنچا ہے۔